سیوریج کے پانی پر پکنے والی سبزیوں کا کیا حکم ہے؟ - دارالافتاء جامعہ فریدیہ ساہیوال
← واپس

سوال

سیوریج کے پانی پر پکنے والی سبزیوں کا کیا حکم ہے؟

جواب

فصل و کاشت کے لیے پانی کا پاک و صاف ہونا خاص نہیں کیا گیا کیونکہ فصل و کاشت کےلئے لگایا جانے والا پانی بالواسطہ سبزیوں کو سیراب کرتا ہے۔ خود پانی ان پھلوں تک پہنچتا ہی نہیں کہ پانی زمین میں اترتا ہے پھر زمین اس پانی کو پودے کی ضرورت کے مطابق پودے کی جڑوں تک پہنچاتی ہے۔ جڑیں اس پانی سے انرجی حاصل کرکے تنے تک پہنچاتی ہیں اور پھر تنا آگے پھل تک اپنا رس پہنچاتا ہے۔ اس طرح سے وہ نجاست پھلوں میں تحلیل نہیں ہوتی۔چاہے زمین کا نظام جیسا بھی ہو یہ ایک قدرتی عمل ہے کہ پانی جب زمین سے ہوکر دوبارہ اوپر آتا ہے تو پاک ہوتا ہے۔ اس وقت سبزیوں وغیرہ کی فصلوں کو سیوریج کا پانی معمول کے ساتھ لگایا جاتا ہے سبزیوں کی دو اقسام ہیں بعض وہ ہوتی ہیں جو زمین کے اوپر پودے کی شاخوں پر پھل کی شکل میں آتی ہیں اور بعض زمین کے اندر جڑ کی شکل میں ہوتی ہیں۔ جو زمین کے اوپر ہوتی ہیں ان کے متعلق تو وضاحت کردی کہ وہ پانی ان پھلوں تک پہنچتا ہی نہیں ہے اور دوسری قسم میں بھی پانی زمین سے ہوکر ہی ان تک پہنچتا ہے زمین اس پانی کو فلٹر کر کے پاک کر دیتی ہے اس لیے اس پانی سے حاصل ہونے والی سبزیاں پاکیزہ اور حلال ہیں۔ البتہ وہ سبزیاں یا پھل جو بیل پر لگتے ہیں اور زمین پر پڑے رہتے ہیں جب پانی لگایا جائے تو انہیں بھی پہنچتا ہے۔ تو یہ الگ صورت ہے کہ وہ اوپر والی نجاست سے ناپاک ہیں لیکن اگر یہ کہا جائے کہ ناپاک پانی لگایا جائے گا تو اس سے پیدا ہونے والی ہر شئے ناپاک ہے تو یہ درست نہیں ہے۔
بہر حال زمین کے اندر سے حاصل ہونے والی تمام اشیاء پاکیزہ و حلال ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے رزق کا تعلق زمین سے جوڑا ہے اور زمین کے اوپر سے گندگیاں زمین کے اندر دفن ہوتی ہیں مگر اس کے محصولات کو اللہ تعالیٰ نے رزق ہی فرمایا ہے:
قُلْ مَنْ يَّرْزُقُكُمْ مِّنَ السَّمَاءِ وَالْاَرْضِ۔
ترجمہ: فرما دیجیے! کہ کون ہے وہ جو تمہیں زمین و آسمان سے رزق دیتاہے۔
اور یہی بات اللہ تعالیٰ نے سورہ نحل(آیت:۷۳) نمل (آیت:۶۴)، سبا(آیت:۲۴) اور فاطر(آیت:۳) میں بھی ارشاد فرمائی ہے۔ اللہ رب العزت نے قرآن مقدس میں جگہ جگہ اپنے عطا کیے ہوئے رزق کو طیب فرمایا ہے۔ تو گویا زمین کے اندر پانی ناپاک نہیں رہتا بلکہ پاکیزہ ہوجاتا ہے۔
تاریخ: 2025-09-15 | مفتی: مفتی ڈاکٹر مظہر فرید شاہ مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ فریدیہ ساہیوال
WhatsApp پر شیئر کریں Facebook پر شیئر کریں