واپس فتاویٰ

فتویٰ

کیا مسجد کے نیچے سے سیوریج کی پائپ لائن گزارنا جائز ہے؟

مسجد کے موضوع پر شرعی رہنمائی

تاریخ: 2026-08-13 مفتی: ڈاکٹر مظہر فرید شاہ مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ فریدیہ ساہیوال موضوع: مسجد مشاہدات: 18

جواب

اس مسئلہ میں دو باتیں قابلِ غور ہیں۔
۱۔ مسجد کے نیچے غیر مسجد فعل، انڈر گراؤنڈ لائن بچھانا۔ جیسے تہہ خانہ یا پارکنگ وغیرہ۔
۲۔ اس انڈر گراؤنڈ لائن کو بطور سیوریج استعمال کرنا۔
پہلی بات کی وضاحت ہدایہ سے درج ذیل ہے۔
"جس نے مسجد بنائی اوراس کے نیچے تہہ خانہ یا سرنگ ہو یا اس کے اوپر گھر ہواور مسجد کا دروازہ راستہ کی طرف بنایا ہواور اسے اپنی ملکیت سے الگ بھی کردیا ہو(یعنی تمام شرائط مسجد مکمل ہوں) تو اس کے مالک کو اس جگہ کے بیچنے کا حق ہوگا اور اگر مر جائے تو وراثت بھی جاری ہوگی(یعنی اسے مسجد تصور نہیں کیا جائے گا) اس لیے کہ یہ اللہ تعالیٰ کےلیے خالص نہیں ہے اور اس میں بندے کا حق باقی ہے۔ اگر وہ تہہ خانہ یا سرنگ وغیرہ مسجد کے فوائد کےلیے ہو تو جائز ہے جیسے بیت المقدس میں ہےاور حسن بن زیاد نے امام ابوحنیفہ سے روایت کیا ہے کہ اگر مسجد نیچے ہو اور اوپر ٹھہرنے کا مکان ہو تو مسجد شمار ہوگی اس لیے کہ مسجد وہ ہوگی جس کی بنیاد بطور مسجد ہو اور وہ نیچے والی عمارت مسجد متصور ہوگی نہ کی اوپر والی، اورامام محمد علیہ الرحمہ اس کے برعکس کہتے ہیں اس لیے کہ مسجد تعظیم کی جگہ ہےاور جب ا سکے اوپر رہائش گاہ یا غسل خانہ ہوگا تو اس میں تعظیم نہیں ہے۔ اور امام ابویوسف علیہ الرحمہ جب "بغداد" آئے اور انہوں نے وہاں تنگ مکان دیکھے تو ضرورت کا اعتبار کرتے ہوئے دونوں صورتوں(مسجد اوپر ہو یا نیچے) میں مسجد متصور ہوگی۔ اور جب امام محمدعلیہ الرحمہ "رے" میں آئے تو آپ نے وہاں(کی ضرورت کے مطابق) تمام صورتوں میں مسجد قرار دے دی۔" (۱)
مذکورہ بالا عبارت میں تو ضرورت کے مطابق تہہ خانہ اور مکان کے مسجد کے اوپر یا نیچے ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے اور پائپ لائن تو زیر بحث ہی نہیں یعنی وہ اتنی معمولی چیز ہے کہ جس پر اختلاف نہیں، یعنی اسے مسجد کے نیچے سے گزارنا تو بدرجہ اولیٰ جائز ہے۔ مگر جہاں تک اس پائپ لائن سے نجاست گزارنے کا تعلق ہے تو اس کی وضاحت مندرجہ ذیل ہے۔
مسجد جس جگہ قائم کردی جائے وہاں تحت الثریٰ سے عرش عُلی تک مسجد ہے۔ مسجد کو پاک اور صاف ستھرا رکھنے کی حکم ہے۔ لہٰذا جیسے مسجد کے اندر گندگی یا ناپاکی پھیلانا خلافِ ادب ہے ایسے ہی مسجد کی چھت پر بھی ممنوع ہے بالکل جیسے چھت پر خلافِ ادب حرکت ممنوع ہے ایسے ہی مسجد کے نیچے زیرِ زمین بھی ایسا کچھ بھی جائز نہ ہوگا۔ مسجد کا تقدس اسی میں ہے کہ مسجد کے نیچے سے بھی نجاست کو نہ گزارا جائے اس بناء پر مسجد کے نیچے سے سیوریج کی پائپ لائن گزارنا جائز نہیں ہے۔

حوالہ

۱ ۔ المرغینانی، الھدایۃ، کتاب الوقف، فصل فی وقف المسجد، ج: 2، ص:622

اصل سوال

کیا مسجد کے نیچے سے سیوریج کی پائپ لائن گزارنا جائز ہے؟

مزید فتاویٰ جات

کیا مسجد کی زینت و آرائش کرنا جائز ہے؟ کیا مسجد کی رقم فنائے مسجد پر خرچ کرنا اور مسجد کے لیے وقف شدہ زمین پر فنائے مسجد تعمیر... مسجد کی عمارت کے لیے مخصوص کی گئی زمین اور مسجد کے اثاثہ کے طور پر دی گئی زمین کے احکام... کیا مسجد کی تعمیر اور اس کے اخراجات کے لیے چندہ وصول کرنا جائز ہے؟ کیا مسجد میں نمازِ جنازہ یا دیگر ضروری معاشرتی مسائل کے اعلانات کرنا جائز ہے؟