واپس فتاویٰ

فتویٰ

کیا بیسن پر یا بلاعذر کھڑے ہو کر وضو کرنا جائز ہے؟

شرعی مسائل کے موضوع پر شرعی رہنمائی

تاریخ: 2026-07-24 مفتی: ڈاکٹر مظہر فرید شاہ مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ فریدیہ ساہیوال موضوع: وضو و غسل مشاہدات: 1

سوال

کیا بیسن پر یا بلاعذر کھڑے ہو کر وضو کرنا جائز ہے؟

جواب

کتب فقہ میں "بیٹھ کر وضو کرنے" کو مستحب قرار دیا گیا ہے۔درالمختار میں درج ہے:
’’والجلوس فی مکان مرتفع‘‘(1)
ترجمہ: اور بلند جگہ پر بیٹھنا (مستحبات وضو میں سے ہے)۔
اونچی جگہ پر بیٹھ کروضو کرنا مستحب ہے۔ علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ رد المحتار فی در المختار میں البحر کے حوالہ سے فرماتے ہیں:
’’قال: و لا شک ان ترک المندوب خلاف اولیٰ۔‘‘(2)
ترجمہ: کہا: اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مستحب کو ترک کرنا خلاف اولیٰ ہے۔
لہٰذا صاحب البحر کے نزدیک کھڑے ہوکر وضو کرنا خلاف اولیٰ ہوگا۔اور علامہ شامی علیہ الرحمہ اپنی رائے کا اظہار فرماتے ہیں:
’’اقول و ھذا ھو الظاہر، اذ لا شبھۃ ان النوافل (مستحبات) من الطاعات کالصلوۃ والصوم و نحوھما فعلھا اولی من ترکھا بلا عارض۔ و لا یقال ان ترکھا مکروہ تنزیھا۔‘‘ (3)
ترجمہ: میں کہتا ہوں کہ یہ بات ظاہر ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ نوافل طاعات میں سے ہیں جیسے (نفلی) نماز، روزہ اور ان جیسی عبادات۔ ان نوافل کا ادا کرنا ان کو ترک کرنے سے بغیر کسی عارض کے افضل ہے۔ اور نوافل کا ترک کرنا مکروہ تنزیہی نہیں قرار دیا جائے گا۔
نفل و مستحب بیک معنی ہیں لہٰذا جس طرح سے نفل نمازوں اور روزوں کو ترک کرنے میں کوئی کراہت نہیں ہے اسی طرح سے مستحبات پر عمل کرنا تو افضل ہوگا مگر ان کو ترک کرنا بلاکراہت جائز ہوگا۔ لہٰذا بیسن وغیرہ پر کھڑے ہوکر وضو کرنا بلا کراہت جائز ہے۔
اور فقہاء کی عبارات جن میں اونچی جگہ پر بیٹھنے کو مستحب قرار دیا گیا ہے یہ احتمال بھی رکھتی ہیں کہ اگر بیٹھے تو اونچی جگہ پر، یعنی بذات خود بیٹھنے کو مستحب قرار نہ دیا ہو۔ کیونکہ اگر بیٹھنا مستحب ہوتا تو بیٹھنے کو الگ مستحب قرار دیا جاتا جیسا کہ دیگر تمام مستحبات کو بیان کیا جاتا ہے۔ واللہ اعلم
حوالہ جات:
1۔ حصکفی ،الدر المختار ، کتاب الطھارۃ، من آداب الوضوء،ج: 1،ص:250
2۔ شامی ، رد المحتار علی الدر المختار ، کتاب الطہارۃ ، ج:1، ص:247
3۔ شامی ، رد المحتار علی الدر المختار ، کتاب الطہارۃ ، ج:1، ص:247

مزید فتاویٰ جات

کیا ناخن پالش لگے ہونے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟ کیا کریم، سرخی اور پاؤڈر لگے ہونے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟ کیا ٹرین یا جہاز میں پانی نہ ہونے کی صورت میں تیمم کیا جا سکتا ہے، اگر ذریعۂ تیمم میسر... کیا ممنوع خضاب لگا ہونے کی صورت میں وضو اور غسل صحیح ہو جائے گا؟ کیا سر یا داڑھی پر خضاب لگا ہونے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟