واپس فتاویٰ

فتویٰ

کیا کنٹیکٹ لینسز لگانے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟

وضو و غسل کے موضوع پر شرعی رہنمائی

تاریخ: 2026-07-24 مفتی: ڈاکٹر مظہر فرید شاہ مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ فریدیہ ساہیوال موضوع: وضو و غسل مشاہدات: 1

سوال

کیا کنٹیکٹ لینسز لگانے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟

جواب

کنٹیکٹ لینسز عینک کے متبادل کے طور پر استعمال کیے جانے والے پلاسٹک کا آلہ ہیں جو کہ آنکھ کے اندر کالی ٹکیہ کے اوپر لگا دیئے جاتے ہیں۔ ان لینسز کو کیونکہ آنکھ کے اندر لگایا جاتاہے اور آنکھ کو اندر سے دھونا لازم ہی نہیں ہے بس آنکھ کا اوپر والا حصہ دھونا لازم ہےاللہ تعالیٰ کے فرمان:’’فاغسلوا وجوھکم‘‘ سے مراد چہرے کا بالائی اور ظاہری حصہ دھونا ہے۔ کیونکہ اگر چہرے پر موجود اعضاء ناک، آنکھ وغیرہ کو اندر سے دھونا بھی لازم ہوتا تو حضور نبی کریمﷺ وضو میں ناک میں پانی چڑھانا اور کلی کرنا سنت نہ بناتے بلکہ اسے فرض ہی قرار دیتے لہٰذا جب ناک اور منہ کے اندر کا حصہ دھونا فرض نہیں تو آنکھ کا اندر کا حصہ بھی دھونا فرض نہیں۔اور غسل میں بھی آنکھ کا اندر کا حصہ دھونا لازم نہیں ہے۔صاحب ِ ہدایہ غسل کے باب میں فرمانِ باری تعالٰی "وَاِنْ کُنْتُمْ جُنُباً فَاطَّھَّرُوْا" ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں:
امر بالاطھار و ھو تطہیر جمیع البدن الا ان ما تعذر ایصال الماء الیہ خارج۔ (1)
ترجمہ: اللہ تعالیٰ نے اطہار کا حکم دیا ہے جس کا مطلب ہے تمام جسم کی پاکیزگی حاصل کرنا سوائے اس کے جہاں پانی کا پہنچانا مشکل ہو تو وہ خارج ہوجائے گا۔
علامہ عبدالحئ لکھنوی نے اس کے حاشیہ میں درج کیا ہے:
کداخل العینین لما فی غسلھما من الضرر والاذی۔ (2)
ترجمہ: جیسے آنکھوں کے اندر کا حصہ کہ ان کو دھونے میں نقصان اور تکلیف ہے۔
اور علامہ علاء الدین حصکفی نے بھی ایسا ہی فرمایا۔(3) لہٰذا جب اس جگہ کا دھونا لازم ہی نہیں جہاں یہ لینسز استعمال کیے جاتے ہیں تو وہ لینسز وضو و غسل کو مانع نہیں ہوں گے۔
حوالہ جات:
1۔ المرغینانی ، ہدایۃ ، کتاب الطھارۃ ، فصل فی الغسل ، ص : 30
2۔ المرغینانی ، ہدایۃ ، کتاب الطھارۃ ، فصل فی الغسل ، ص : 30
3۔ الحصکفی ، در المختار ، کتاب الطہارۃ ، بیان غسل ، ج : 1 ، ص : 285۔86

مزید فتاویٰ جات

کیا ناخن پالش لگے ہونے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟ کیا کریم، سرخی اور پاؤڈر لگے ہونے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟ کیا ٹرین یا جہاز میں پانی نہ ہونے کی صورت میں تیمم کیا جا سکتا ہے، اگر ذریعۂ تیمم میسر... کیا ممنوع خضاب لگا ہونے کی صورت میں وضو اور غسل صحیح ہو جائے گا؟ کیا سر یا داڑھی پر خضاب لگا ہونے کی صورت میں وضو اور غسل ہو جائے گا؟